بھٹکل ، 17؍ مارچ (ایس او نیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے شعبۂ دعوت و اصلاح کی جانب سے جماعت کے دفتر میں’’ سنت اذان اور اس کا طریقہ‘‘ کے عنوان پر آج مورخہ ۱۳ شعبان المعظم مطابق 17؍ مارچ بروز جمعرات بعد نمازعشاء، ایک تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اذان اسلام کے اہم ترین ستون نماز کی طرف بلاوے اور دعوت دین کا ایک موثر اعلانیہ ہے ، احادیث مبارکہ سے اسلام میں مؤذن اور اذان کی اہمیت اور عظمت کا پتہ چلتا ہے لیکن بعض مؤذنین کی اذانوں میں الفاظِ اذان و اقامت کی ادائیگی سنت کے مطابق نہیں ہورہی ہے ،جس سے بسا اوقات اس مؤثر اعلانیہ اوران مقدس کلمات کے معانی و مطالب تبد یل ہوجاتے ہیں۔ موذنین کی قدردانی کے ساتھ انہیں اذان واقامت کے الفاظ کی تصحیح اور قواعد کے ساتھ ان کی ادائیگی کا پابند بنانا بھی ایک اہم ذمہ داری ہے اور پریس ریلیز میں موذنین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تربیتی اجلاس میں شرکت کرکے اپنی اذان صحیح کرنے کے نایاب موقع سے فائدہ اُٹھائیں۔
ریلیز میں مساجد کے ذمہ داران سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ اپنی مساجد کے مؤذنین کو اس قیمتی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ فرمائیں ۔
جلسہ کی صدارت مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی ( چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل ) کریں گے،مولا نا محمد صادق اکرمی ندوی ( نائب صدر جماعت المسلمین بھٹکل ) مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے جنرل سیکریٹری نے اخباری نوٹ میں اس بات کی بھی اطلاع دی ہے کہ پروگرام میں شریک موذنین کے لیے عشایہ کانظم رکھا گیا ہے۔